ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : پرورگا میں قومی شاہراہ کی توسیع کو لے کر مکینوں کا احتجاج : سب ہمیں دھوکہ دے رہے ہیں،عوام کاالزام

بھٹکل : پرورگا میں قومی شاہراہ کی توسیع کو لے کر مکینوں کا احتجاج : سب ہمیں دھوکہ دے رہے ہیں،عوام کاالزام

Thu, 01 Dec 2016 20:02:21    S.O. News Service

بھٹکل:3 دسمبر  (ایس او نیوز)کنداپور کی سرحد سے لے کر کاروار کے ماجالی تک قومی شاہراہ کو وسعت دے کر فورلین میں منتقلی کاکام تیزرفتاری سے جاری ہے، آر بی آئی کمپنی اس میں مزید تیز رفتاری لاتے ہوئے تعلقہ کے پرورگا میں اپنے عملےکے ساتھ سروے  نمبر 68کا سروے کرنے کے لئے پہنچے  تو مقامی مکینوں نے زمین حصولیابی آفیسر اور کمپنی عملے کے خلاف سخت  احتجاج کیا، یہ واردات جمعرات کی شام کو پیش آئی ہے۔

ہم یہیں جنم لے کر پرورش پائے ہیں، گھروں کی تعمیر کرتے ہوئے اپنی زندگی کا گزارہ کررہے ہیں، ہمیں اس کے علاوہ کوئی جگہ نہیں ہے، قومی شاہراہ کے دوسرے کنارے غیر رہائشی فاریسٹ کی زمین ہے ، شاہراہ کی توسیع کے لئے اسکے استعمال کا بھرپور موقع ہے، جس کے نتیجےمیں بےشمار غرباء کے گھروں کو توڑنے سے بچایاجاسکتا ہے ،مگرسرکار کی خالی زمین کو شاہراہ کے لئے استعمال میں لانے کے بجائے ہمارے گھروں کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

احتجاجیوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ کی توسیع 30میٹر تک محدود کئے جانے کے تعلق سے عوامی نمائندوں نے ہمیں بھروسہ دلایا تھا، مگر یہاں لگاتار 9ویں مرتبہ سروے کیا جارہاہے، احتجاجیوں کے مطابق مقامی عوام کو جان بوجھ کر دھوکہ دیا جارہاہے اور انہیں ہراساں کیا جارہاہے، انہوں نے مانگ کی کہ جب تک یہاں کے مکینوں کے لئے متبادل انتظام نہیں کیا جاتاہے تب تک یہاں سروے نہیں ہونا چاہئے۔ کئی جگہوں پر امیروں کی عمارات ، کمپاؤنڈ بچانے کےلئے تھوڑا بہت شاہراہ کا رخ بدلا گیا ہے، یہاں بھی انسانیت کے پیش نظر غریبوں کو جینے کا موقع دینا چاہئے۔ ۔ یلووڑی کوؤور گرام پنچایت نائب صدر عبدالرزاق ، مقامی لیڈران محمد عارف ، محمد انور وغیرہ عوام کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے آواز کو مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ لیکن افسران بہروں کی طرح عوام کی باتوں کو سنی ان سنی کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی طرف سے ہمیں 45 میٹر تک سروے کرنے کے لئے کہاگیا ہے، اعلیٰ افسران کے حکم کے مطابق ہم اپنا کام مکمل کرنے سروے کے لئے پہنچے ہیں۔ ایک موقع پر افسران اور عوام کے درمیان زبانی جھڑپیں بھی ہوئیں ، حالات بگڑتے دیکھ کر سی پی آئی سریش نایک، ایس آئی کوڈگونٹی اور پولس کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور مشتعل عوام کو منتشر کیا۔ اس کے بعد پولس سکیورٹی کے درمیان سروے کا کام کیا گیا ۔

اس سلسلے میں ہوناور کے  زمین حصولیابی آفیسر راجو موگویر نے بتایا کہ بھٹکل شہر اور شرالی میں قومی شاہراہ کی وسعت 30میٹر تک محدود کی گئی ہے، پرورگا میں محکمہ کے حکم نامے کے تحت 45میٹر تک سروے کیا جارہاہے، اگر کوئی رکاوٹ پیدا کرتاہے تو پولس کی سکیورٹی کے درمیان  اپنا کام جاری رکھنا ہوگا، اس کے علاوہ ہمارے پاس دوسرا راستہ نہیں ہے۔

اس کے خلاف یلوڑی کوؤور گرام پنچایت کے نائب صدر عبدالرزاق نے بتایا کہ عوامی نمائندوں نے اور آفیسران نے کئی مرتبہ ہمیں بھروسہ دیا تھا کہ غریبوں کے گھروں کو بچایا جائے گا۔ مگر اب ایسا لگتاہے کہ یہاں کے لوگوں کو قصداً دھوکہ دے کر ہراساں کیا جارہاہے۔


Share: